باجوڑ کے مرکزی شہر خار بازار میں ایل پی جی کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافے کے خلاف ضلعی انتظامیہ نے سخت کارروائی کرتے ہوئے تین دکانوں کو سیل کر دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر باجوڑ، شاہد علی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر (ہیڈکوارٹر) خار، ڈاکٹر صادق علی نے معائنہ کیا اور پایا کہ بعض دکاندار حکومت کے مقرر کردہ نرخوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فی کلو ایل پی جی 320 روپے میں فروخت کر رہے تھے، جبکہ سرکاری نرخ 250 روپے فی کلو اور 11.8 کلوگرام کے سلنڈر کی قیمت 2953 روپے مقرر ہے۔
اس خلاف ورزی پر تین دکانوں کو سیل کر دیا گیا اور متعدد دکانداروں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔ یہ اقدامات ایل پی جی رولز 2001 کی دفعہ 18(3)، اوگرا آرڈیننس کی دفعہ 29 اور قیمتوں پر کنٹرول (ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کی روک تھام) ایکٹ 1977 کے تحت کیے گئے۔
انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ غیر قانونی منافع خوری اور سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات جاری رہیں گے تاکہ عوام کو مقررہ نرخوں پر ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔