پاکستان تحریکِ انصاف کے کارکنوں اور صوبائی قیادت کی جانب سے احتجاج کے دوران خیبر پختونخوا کے اہم داخلی و خارجی راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کر کے ٹریفک مکمل طور پر معطل کر دی گئی ہے، جس کے باعث عوام خوار ہو رہے ہیں اور شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
ضلعی صدر کی قیادت میں کارکنوں نے اٹک پل خیرآباد نوشہرہ ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا، جس سے صوبے اور پنجاب کے درمیان آمدورفت بری طرح متاثر ہوئی۔
اسی طرح ڈی آئی خان سے بھکر جانے والی سڑک، لکی مروت۔میانوالی روٹ، ہزارہ موٹروے پر ایبٹ آباد حویلیاں انٹرچینج، اور کوہاٹ پنڈی روڈ خوشحال کے مقام پر بھی رکاوٹیں کھڑی کر دی گئیں۔
سوات، پشاور اور مردان سے آنے والی گاڑیاں غازی کے راستے موٹر وے تک پہنچنے پر مجبور ہیں۔ تربیلا روڈ اور غازی بازار میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ چکی ہیں جبکہ مسافر گھنٹوں پھنسے رہنے پر مجبور ہیں۔ ایمبولینسوں، طلبہ، ملازمین اور روزمرہ سفر کرنے والوں کو شدید اذیت کا سامنا ہے۔ متبادل راستوں کی کمی کے باعث تحصیل غازی کا ٹریفک نظام شدید دباؤ میں ہے اور مقامی آبادی بھی متاثر ہو رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے طبی معائنے کی رپورٹ سامنے آ گئی
اسلام آباد میں بھی میانوالی پیک روڈ، یارک ٹول پلازہ اور سی پیک انٹرچینج پر ٹریفک معطل ہے۔ تربیلا غازی موٹر وے صوابی انٹرچینج کی بندش کے باعث تمام ٹریفک کا دباؤ تربیلا روڈ پر منتقل ہو گیا ہے





