وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے صوبے میں کارکنوں کے از خود احتجاج سے لاتعلقی کا اظہار کردیا اور درپیش مشکلات پر عوام سے معذرت بھی کر لی۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے صوبے کے عوام کے نام جاری پیغام میں کہا ہے کہ تحریکِ انصاف نے کارکنوں کے احتجاج کے لیے کوئی آفیشل کال نہیں دی اور سڑکوں پر موجود کارکن اپنی مرضی سے احتجاج کر رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے عوام سے معذرت کرتے ہوئے کہااس صورتحال سے خیبر پختونخوا کے عوام کو جو مشکلات پیش آئیں، اس پر میں معذرت خواہ ہوں۔
انہوں نے اس دوران عوام سے صبر و تحمل کی اپیل بھی کی اور کہا کہ سخت وقت سے گزر رہے ہیں، بانی بیمار اور نا حق قید میں ہیں، جس کے باعث کارکنان جذباتی ہیں۔
سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ بانی کے لیے چند دن کی تکلیف برداشت کرنی پڑی ہے، حالات جلد بہتر ہوں گے۔ ابھی تک کارکنان کے لیے کوئی باضابطہ لائحۂ عمل نہیں دیا گیا ہمارا لائحہ عمل صرف پارلیمنٹیرینز کے لیے ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب اور سندھ تو چل رہے مگر خیبر پختونخوا جام اور جل رہا ہے، صوبائی حکومت کو پرواہ نہیں ، وفاق ایکشن لے، گورنر فیصل کریم کنڈی
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے عوام اپیل کی کہ اس مشکل وقت میں برداشت اور تحمل کا مظاہرہ کریں تاکہ صوبے کی صورتحال جلد بہتر ہو سکے۔





