عدالتی حکم پر بڑا ایکشن ، پی ٹی آئی احتجاج کے باعث خیبرپختونخوا کی بند شاہراہیں کھل گئیں، 3 دن سے محصور عوام نے سکھ کا سانس لیا

پشاور ہائیکورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے مختلف شاہراہوں سے رکاوٹیں ہٹا کر ٹریفک مکمل طور پر بحال کر دی ہے۔

عدالت نے عوامی شاہراہوں کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے فوری طور پر کھولنے کا حکم دیا تھا اور واضح کیا تھا کہ حقِ نقل و حمل میں رکاوٹ آئین کی خلاف ورزی ہے۔

پنجاب اور خیبرپختونخوا کو ملانے والے اہم مقام اٹک پل جی ٹی روڈ پر لگائی گئی رکاوٹیں ہٹا دی گئیں، جس کے بعد آمدورفت معمول پر آ گئی۔

ڈیرہ اسماعیل خان کو میانوالی اور چشمہ سے ملانے والی سڑکیں بھی کلیئر کر دی گئیں، ڈیرہ اسماعیل خان، اسلام آباد موٹر وے ایم-14 سی پیک یارک ٹول پلازہ کو بھی خالی کرا لیا گیا ہے۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور ریجنل پولیس آفیسر ناصر محمود ستی کی ہدایات پر ایبٹ آباد پولیس اور ٹریفک پولیس نے ہزارہ موٹر وے اور کوہالہ روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دیا ہے۔

ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی نے کہا کہ ہزارہ پولیس عوام کو محفوظ اور بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے ایس ایس پی ٹریفک محمد اشتیاق اور ایس پی حویلیاں جمیل الرحمن کو ہدایت کی کہ وہ موقع پر موجود رہ کر ہزارہ موٹر وے، کوہالہ روڈ اور شاہراہ ریشم پر ٹریفک کی روانی مستقل طور پر برقرار رکھیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی احتجاج کے بعد نوشہرہ کی اہم شاہراہیں دوبارہ ٹریفک کے لیے کھول دی گئیں

پولیس حکام کے مطابق عدالتی احکامات پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو درپیش سفری مشکلات کا فوری خاتمہ ممکن ہو سکے۔

Scroll to Top