حکومت نے عمران خان سے متعلق کسی بھی قسم کی ڈیل کی تردید کر دی

وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیل میں قید عمران خان سے متعلق کوئی ڈیل نہیں ہو رہی۔

صحافیون سے گفتگو کے دوران عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سزا یافتہ قیدی ہیں، ایک نہیں دو مقدمات میں سزا سنائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان سے متعلق نہ کوئی ڈیل ہے نہ کوئی ڈھیل ہے، معاملات عدالتوں میں ہیں، عدالت نےبانی پی ٹی آئی کو سزا دی اور عدالتوں میں ہی اپیل جاتی ہے ۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس سے یہ تاثر لینا کہ ڈیل کا معاملہ ہے، مجھے نظر نہیں آتا، حکومت نےبانی پی ٹی آئی کو صحت کی سہولیات فراہم کیں ، طبی ماہرین نے دیکھا اور ان کی پارٹی کے رہنماؤں کو باضابطہ بریفنگ بھی دی گئی ۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی علاج میں رکاوٹ ،علیمہ خان بانی پی ٹی آئی کی بیماری کیش کرانا چاہتی ہیں،محسن نقوی

اس سے پہلے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے الزام عائد کیا ہے کہ علیمہ خان بانی پی ٹی آئی کی بیماری کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا چاہتی ہیں۔

محسن نقوی کا کہنا ہے کہ علیمہ خان علاج کے عمل میں رکاوٹ ڈالتی رہیں جس کے باعث بانی پی ٹی آئی کا تین دن تک طبی معائنہ نہ ہو سکا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت بانی پی ٹی آئی کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ ہے، تاہم بعض افراد کو صحت سے زیادہ سیاست کی فکر ہے۔ 

Scroll to Top