اسلام آباد: رمضان المبارک سے قبل بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے بینیفشریز کے لیے خوشی کی خبر آگئی ہے، کیونکہ پروگرام کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے مالی امداد میں اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس اقدام کے تحت ملک بھر کے ایک کروڑ مستحق خاندان رمضان کے مہینے میں اضافی مالی سہولت سے مستفید ہوں گے۔
اے پی پی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے سینیٹر روبینہ خالد نے بتایا کہ بینظیر کفالت کا سہ ماہی وظیفہ13,500 روپے سے بڑھا کر14,500 روپے کر دیا گیا ہے، اور یہ رقم ماہ رمضان میں براہ راست مستحقین کے اکاؤنٹس میں ادا کی جائے گی۔
ان کے مطابق یہ اضافہ خاص طور پر غریب اور پسماندہ طبقے کے لیے رمضان میں سہولت فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
چیئرپرسن نے مزید بتایا کہ بینظیر ایجوکیشن وظائف پروگرام کے تحت بھی ہر بچے کے لیے ماہانہ وظیفے میں 500روپے کا اضافہ منظور کیا گیا ہے، تاکہ طلبہ کی تعلیم میں سہولت اور مالی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔
اسی طرح بینظیر نشونما پروگرام کے تحت حاملہ خواتین اور دودھ پلانے والی ماؤں کو غذائی اشیاء اور مالی امداد فراہم کی جاتی ہے، اور اس پروگرام میں بھی 500روپے اضافی کی منظوری دی گئی ہے تاکہ صحت اور غذائیت کی سہولت میں اضافہ کیا جا سکے۔
سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ یہ اقدامات حکومت کی سماجی بہبود کی پالیسی کے تحت کیے گئے ہیں، اور اس کا مقصد مستحق افراد کی زندگیوں میں بہتری لانا اور رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ان کے مالی بوجھ کو کم کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : جیل ملاقات کے بعد بیانات پر نیا تنازع، رانا ثنا بول پڑے
انہوں نے مزید کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت فراہم کی جانے والی سہولیات ملکی سطح پر لاکھوں خاندانوں کی زندگیوں میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
یہ اقدام ملک میں سماجی تحفظ کے نظام کو مزید مستحکم کرے گا اور مستحق خاندانوں کو رمضان کے دوران بہتر سہولیات فراہم کرے گا۔





