رمضان المبارک میں موسم کیسا رہے گا؟ این ڈی ایم اے کی رپورٹ جاری

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ماہِ رمضان المبارک کے دوران ملک بھر میں ممکنہ موسمی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی جائزہ جاری کر دیا ہے۔

رپورٹ میں مجموعی طور پر خوشگوار موسم کی پیشگوئی کی گئی ہے، تاہم بعض علاقوں میں گرمی اور بارش کے امکانات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔

این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق رمضان کے پہلے عشرے میں بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور خوشگوار رہنے کا امکان ہے۔ شمالی اور مغربی علاقوں میں ہلکی بارش متوقع ہے۔خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور شمالی بلوچستان میں رات کے اوقات میں سردی برقرار رہ سکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق رمضان کے دوسرے عشرے میںموسم قدرے گرم ہونے کا امکان ہے۔ شمالی علاقوں، وسطی پنجاب اور پوٹھوہار خطے میں کسی حد تک بارش متوقع ہے۔بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان بھی ہے۔

تیسرے عشرے کے دوران شمالی پاکستان اور وسطی پنجاب میں وقفے وقفے سے بارشیں جاری رہ سکتی ہیں۔ جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں رمضان کے آخری دنوں تک گرمی میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان ہاکی فیڈریشن کی بدانتظامی پر کپتان عماد بٹ کا شدید ردعمل

این ڈی ایم اے نے شہریوں اور مقامی انتظامیہ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسمی حالات کے مطابق حفاظتی اقدامات کریں۔ خاص طور پر شمالی علاقوں میں سردی کے اثرات سے محفوظ رہنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔

جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں دن کے وقت گرمی کے اثرات سے بچاؤ کے لیے پانی کا مناسب انتظام اور دھوپ سے بچاؤ کو یقینی بنایا جائے۔

Scroll to Top