مانکیال کے پہاڑوں میں مارخورکا شکار، بڑا سنگِ میل عبور

اکرام صدیقی

سوات: سوات کی مشہور مانکیال کنزرویسی میں تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا گیا ہے، جہاں پہلی بار نایاب پہاڑی جانور مارخور کو باقاعدہ قانونی پرمٹ کے تحت شکار کیا گیا۔

حکام کے مطابق لاہور سے تعلق رکھنے والے شکاری طہٰ ناصر نے 365 میٹر کے فاصلے سے شکار مکمل قواعد و ضوابط کے مطابق کیا۔

قانونی پرمٹ کی قیمت 30 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی، جو شفاف نظام اور سائنسی بنیادوں پر جنگلی حیات کے مینجمنٹ کی عکاسی کرتی ہے۔

شکار کیے گئے مارخور کا وزن تقریباً 100 سے 120 کلوگرام کے درمیان تھا، جبکہ سینگوں کی لمبائی 37 انچ ریکارڈ کی گئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اعداد و شمار اس بات کا ثبوت ہیں کہ علاقے میں مارخور کی نسل صحت مند انداز میں افزائش پا رہی ہے۔

کنزرویسی ذرائع کا کہنا ہے کہ قانونی ٹرافی ہنٹنگ سے حاصل ہونے والی آمدن کا بڑا حصہ مقامی کمیونٹی کی فلاح و بہبود، ترقیاتی منصوبوں اور جنگلی حیات کے مزید تحفظ پر خرچ کیا جائے گا، جس سے مقامی آبادی کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔

یہ بھی پڑھیں : ہاکی فیڈریشن پر مالی اور انتظامی الزامات، پی ایس بی نے حقائق بتا دیے

مقامی عمائدین اور ماہرین نے اس اقدام کو تحفظِ فطرت، قانون کی پاسداری اور پائیدار ترقی کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس سے نہ صرف جنگلی حیات محفوظ ہوگی بلکہ مقامی کمیونٹی کو بھی روزگار اور وسائل فراہم ہوں گے۔

Scroll to Top