ہاکی فیڈریشن پر مالی اور انتظامی الزامات، پی ایس بی نے حقائق بتا دیے

اسلام آباد: پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے حالیہ الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہاکی ٹیم کے انتظامات میں پیدا ہونے والے مسائل فیڈریشن کی انتظامی اور آپریشنل بے ضابطگیوں کی وجہ سے ہوئے۔

پی ایس بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے اپنی مالی ذمہ داریاں بروقت ادا کیں، تاہم فیڈریشن کی جانب سے ویزا درخواستیں تاخیر سے جمع کرائی گئیں اور کئی درخواستیں غلط معلومات کے ساتھ دی گئیں، جس کی وجہ سے پوری ٹیم کے ٹکٹس میں تبدیلی کرانا پڑی۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ ٹکٹس کی تبدیلی پر 2 کروڑ 71 لاکھ روپے کا اضافی خرچ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے برداشت کیا، جبکہ ویزا کی غلطیوں کے باعث پیدا ہونے والا اضافی مالی بوجھ 9.7 ملین روپے بھی پی ایس بی نے ادا کیا۔

پاکستان اسپورٹس بورڈ کا کہنا ہے کہ اگر فیڈریشن کے کام ہی اسپورٹس بورڈ کو کرنے ہوں تو فیڈریشن کا وجود کس کام کا؟ اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ پی ایچ ایف کے عہدیدار خود دوروں پر گئے اور پی ایس بی سے ملنے والے فنڈز کا درست حساب جمع نہیں کرایا۔

پی ایس بی نے زور دیا کہ ہاکی فیڈریشن کے اندر مالی اور انتظامی شفافیت کو یقینی بنانے کے اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں کسی بھی طرح کے مسائل پیدا نہ ہوں۔

یہ بھی پڑھیں : سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین وانی پاکستان ہاکی فیڈریشن کا نیا عبوری صدرمقرر

جبکہ دوسری جانب وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) میں ایڈہاک سیٹ اپ نافذ کرتے ہوئے سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین وانی کو عبوری طور پر فیڈریشن کا صدر مقرر کر دیا ہے۔

گزشتہ دنوں قومی ہاکی ٹیم سے متعلق بدانتظامی کے الزامات سامنے آئے تھے۔ کھلاڑیوں کی جانب سے ٹیم مینجمنٹ پر سنگین نوعیت کے اعتراضات اٹھائے گئے، تاہم مینجمنٹ نے ان الزامات کو مسترد کر دیا تھا۔

صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم کو معاملے سے آگاہ کیا گیا، جس کے بعد اس وقت کے صدر طارق بگٹی نے کپتان عماد بٹ پر مینجمنٹ اور فیڈریشن کے خلاف الزامات عائد کرنے پر دو سال کی پابندی لگانے کا اعلان کیا اور بعد ازاں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

وزیراعظم نے طارق بگٹی کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین وانی کو ایڈہاک بنیادوں پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کی سربراہی سونپ دی۔

Scroll to Top