رمضان المبارک کا آغاز ہوتے ہی فضائی کمپنیوں نے عمرہ زائرین کے لیے کرایوں میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔
بڑھتی ہوئی طلب کے باعث مختلف کلاسز کے ٹکٹ مہنگے ہو گئے ہیں اور مسافروں کو اضافی رقم ادا کرنا پڑ رہی ہے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پہلے عشرے میں زائرین کی تعداد میں اضافے کے سبب بزنس کلاس کا کرایہ بڑھ کر 5 لاکھ روپے تک جا پہنچا ہےجبکہ اس سے قبل یہی ٹکٹ سوا چار سے ساڑھے چار لاکھ روپے کے درمیان دستیاب تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اکانومی اور اکانومی پلس کلاس کے کرایوں میں بھی واضح اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پہلے یہ ٹکٹس ایک لاکھ 30 سے 40 ہزار روپے میں مل رہے تھے، تاہم اب ان کی قیمت بڑھ کر ایک لاکھ 80 ہزار سے 2 لاکھ روپے تک ہو گئی ہے۔
ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن کے رہنما خواجہ ایوب نسیم کے مطابق تمام ایئر لائنز کی بکنگ تقریباً مکمل ہے، جس کے باعث نئی نشستوں کی دستیابی محدود ہو گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایئر لائنز خالی رہ جانے والی نشستوں پر زیادہ کرایہ مقرر کر رہی ہیں اور ٹریول ایجنٹس وہی نرخ وصول کر رہے ہیں جو کمپنیوں کی جانب سے طے کیے گئے ہیں۔
ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ رمضان کے دوسرے اور تیسرے عشرے میں عمرہ زائرین کے مزید رش کے باعث کرایوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔





