ملک بھر میں غیرقانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
اسلام آباد سمیت پانچ اضلاع میں دو ہزار سے زائد اہلکاروں نے مشترکہ کارروائیوں کے دوران کئی افغان شہریوں کو حراست میں لے لیا۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال میں مربوط سرچ اور کومبنگ آپریشنز کیے، جن میں پولیس، رینجرز، سی ٹی ڈی اور انٹیلیجنس اداروں کے اہلکار شامل تھے۔ مجموعی طور پر تقریباً دو ہزار اہلکار مختلف علاقوں میں متحرک رہے۔
اسلام آباد کے علاقے ترنول میں مشترکہ سرچ کے دوران 165 گھروں کی تلاشی لی گئی اور 51 افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں 16 افغان شہری اور 35 مشتبہ مقامی افراد شامل تھے۔
راولپنڈی میں 50 گھروں کی جانچ پڑتال کے دوران 120 افراد کی شناخت اور پروفائلنگ کی گئی۔ جہلم کے علاقے دینہ میں رات گئے کی کارروائی میں 25 گھروں کی تلاشی اور 62 افراد کی جانچ کے بعد 18 رہائشیوں کی مزید پروفائلنگ کی گئی۔
ضلعی اٹک کے پانچ مقامات پر غیرقانونی افغان شہریوں کی اسکریننگ کی گئی۔ حسن ابدال، حضرو، پنڈی گھیپ، جنڈ، فتح جنگ اور اٹک میں بھی مسلسل چیکنگ جاری رہی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اہلکاروں کی مدد سے علاقوں میں نگرانی اور شناختی کارروائیاں کر رہے ہیں۔





