آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان شیڈول اہم مقابلہ بارش کے خدشات کی زد میں آ گیا ہے۔
دونوں ٹیمیں ہفتہ کو کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی، تاہم موسم کی غیر یقینی صورتحال نے شائقین کرکٹ کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔
یہ میچ سپر ایٹ مرحلے کا ایک اہم معرکہ تصور کیا جا رہا ہے کیونکہ اس مرحلے میں حاصل ہونے والا ہر پوائنٹ سیمی فائنل تک رسائی کی دوڑ میں فیصلہ کن کردار ادا کر سکتا ہے۔
سری لنکا میں حالیہ دنوں کے دوران بارش سے متاثرہ میچز کے پیش نظر اس مقابلے پر بھی بارش کے سائے منڈلا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : برازیل کی معروف فٹبالر نے اسلام قبول کرلیا،عمرہ کی سعادت حاصل کرلی
موسمیاتی ویب سائٹ AccuWeather کے مطابق میچ کے روز کولمبو میں تقریباً 74 فیصد بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ تیز ہواؤں کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے جس کے باعث کھیل میں رکاوٹ پڑنے کا خدشہ موجود ہے۔
آئی سی سی کے قوانین کے تحت سپر ایٹ مرحلے کے میچز کے لیے کوئی ریزرو ڈے مقرر نہیں ہے۔ اگر بارش کے سبب دونوں ٹیمیں کم از کم پانچ، پانچ اوورز بھی مکمل نہ کر سکیں تو مقابلہ منسوخ کر دیا جائے گا اور دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا جائے گا۔





