وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بتایا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو آنکھ کے علاج کے سلسلے میں دوسرا انجکشن لگوانے کے لیے 25 فروری کو دوبارہ اسپتال منتقل کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ مخصوص انجکشن عام طبی مراکز میں نہیں لگائے جا سکتے، اس لیے انہیں عارضی طور پر متعلقہ اسپتال لے جانا ضروری ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ عمران خان کو پہلا انجکشن 25 جنوری کو دیا جا چکا ہے، جبکہ دوسرا انجکشن 25 فروری کو لگایا جائے گا۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کے مطابق علاج کے طریقہ کار کے تحت تیسرا انجکشن دوسرے انجکشن کے ایک ماہ بعد تجویز کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آنکھوں کے اس خصوصی علاج کے لیے مکمل طبی سہولیات درکار ہوتی ہیں، اسی لیے اسپتال میں منتقلی ناگزیر ہے۔
وزیر پارلیمانی امور نے مزید بتایا کہ عمران خان کو صرف انجکشن لگوانے کے لیے محدود وقت کے لیے اسپتال منتقل کیا جائے گا اور طبی عمل مکمل ہونے کے فوراً بعد انہیں واپس منتقل کر دیا جائے گا۔





