افغان میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے افغانستان کے صوبہ پکتیکا میں فضائی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس کارروائی میں کالعدم تنظیموں کے مبینہ انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا ہے۔
اطلاعات کے مطابق جنگی طیاروں نے سرحدی علاقوں میں موجود مخصوص پناہ گاہوں پر بمباری کی ، افغان ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ حملوں کا ہدف ایسے مقامات تھے جہاں شدت پسند عناصر کی موجودگی کی اطلاعات تھیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ کارروائی حالیہ دنوں پاکستان میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے تناظر میں دیکھی جا رہی ہے، جن میں باجوڑ اور بنوں میں سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں اچانک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی صورتحال بدستور حساس ہے۔





