افغانستان کے صوبہ پکتیکا اور ننگرہار میں زوردار دھماکے، اہم ترین کمانڈرسمیت متعدد عسکریت پسند ہلاک

افغانستان کے مشرقی صوبوں پکتیکا اور ننگرہار میں زوردار دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

افغان میڈیا اور ذرائع کے مطابق پکتیکا میں مبینہ فضائی حملے کے بعد ننگرہار کے ضلع خوگیانی کے علاقے کوز بھار میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جہاں ایک مبینہ تربیتی مرکز کو نشانہ بنایا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ننگرہار میں ہونے والے دھماکوں میں ایک اہم کمانڈر سمیت متعدد عسکریت پسندوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ادھر پکتیکا کے علاقے مرغہ میں مبینہ فضائی حملے کے نتیجے میں 10 سے زائد عسکریت پسندوں کی ہلاکت اور متعدد کے زخمی ہونے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق حملہ ایک ایسے مقام پر کیا گیا جو مبینہ طور پر شدت پسند عناصر کے زیرِ استعمال تھا۔

بعض اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ یہ مقام کمانڈر اختر محمد کے مرکز سے منسلک تھا، جسے کچھ حلقے خارجی گروہ سے وابستہ قرار دیتے ہیں۔

Scroll to Top