علی امین گنڈاپور کے خلاف کارروائی ہوگی یا نہیں؟ چیئرمین پی ٹی آئی کا بیان سامنے آ گیا

پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے خلاف کارروائی سے متعلق تحریک انصاف کے چیئرمین کا بیان سامنے آگیا۔

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور کے خلاف کوئی کارروائی کرنے کا فیصلہ نہیں ہوا اور اس حوالے سے سامنے آنے والی خبریں محض قیاس آرائیاں ہیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے علی امین گنڈاپور سے گزارش کی ہے کہ پارٹی اندرونی اختلافات کو برداشت کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں : علی امین گنڈاپور کے بیانات پر شفیع جان کا ردعمل

واضح رہے سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ اگر ان کے غصے سے کسی کا دل دکھا ہے تو انہیں کوئی پرواہ نہیں لیکن فی الوقت کےلئے وہ معذرت خواہ ہیں تاہم ان کا غصہ جائز ہے کیونکہ ابھی تک ایک چھوٹی سی جائز ڈیمانڈ بھی پوری نہیں کرائی جا سکی کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو ان کا ذاتی معالج فراہم کیا جائے۔

اپنے ویڈیو بیان میں علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ عمران خان کی آنکھ اور صحت کے حوالے سے ان کے تحفظات بدستور برقرار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس شخص نے عوام کو صحت کی مفت سہولتیں فراہم کیں، وہ آج اپنی صحت کے معاملے میں مشکلات کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت آئی تو یونیورسل ہیلتھ کارڈ متعارف کرایا گیا اور ہر طرح کی بیماری کو اس میں شامل کیا گیا۔ بعد ازاں جب بانی پی ٹی آئی وزیراعظم بنے تو انہوں نے پورے ملک کے عوام کو صحت کارڈ کی سہولت دی، مگر افسوس کہ آج انہیں اپنے ذاتی معالج تک سے ملنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

Scroll to Top