وزیر مملکت برائے قانون و انصاف، بیرسٹر عقیل ملک نے بتایا ہے کہ آئندہ ہفتے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ان کے وکلا کی ملاقات کا امکان ہے، جس میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر بھی شامل ہو سکتے ہیں۔
بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ یہ ملاقات غیر سیاسی نوعیت کی ہو، اور جیل کے قواعد و ضوابط کے مطابق ہو تو زیادہ بہتر ہوگی۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ملاقات میں کسی سیاسی بیانیے یا گفتگو کی اجازت نہیں ہوگی۔
وزیر مملکت نے وزیر اعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی محمود اچکزئی کے درمیان ماہ رمضان میں ملاقات کے امکانات کا بھی ذکر کیا، جس کے مطابق مارچ کے پہلے ہفتے میں یہ ملاقات ہو سکتی ہے۔
بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ عمران خان سے سب سے زیادہ ملاقاتیں ان کی بہن عظمیٰ خان کی ہوئی ہیں، تاہم ان ملاقاتوں کو ماضی میں سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ عظمیٰ خان نے رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ اور سپرنٹنڈنٹ کو حلف نامہ دیا ہے کہ ملاقات کے بعد جیل کے باہر کوئی سیاسی گفتگو نہیں ہوگی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملاقاتیں غیر سیاسی اور قواعد کے مطابق ہوں تاکہ کسی بھی تنازع سے بچا جا سکے۔





