ماہانہ 30ہزار روپےوظیفہ،خیبرپختونخوا کےخواتین کیلئے بڑی خوشخبری

خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں عملی تجربہ فراہم کرنے کے لیے ڈیجیٹل انٹرن شپ پروگرام 2025–26 کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔

چھ ماہ پر محیط اس معاوضہ دار انٹرن شپ پروگرام کے تحت منتخب ہونے والی خواتین کو ماہانہ 30,000 روپے وظیفہ دیا جائے گا۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد خواتین کی ڈیجیٹل معیشت میں شمولیت کو بڑھانا اور انہیں ابھرتے ہوئے تکنیکی شعبوں میں پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

پروگرام کے دوران انٹرنز کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس، ویب و ایپلیکیشن ڈویلپمنٹ، گرافک ڈیزائن، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور UI/UX جیسے اہم شعبوں میں تربیت دی جائے گی۔

تربیت کے عمل کو مزید موثر بنانے کے لیے منتخب خواتین کو خیبر پختونخوا کی آئی ٹی پارک کمپنیوں، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن یونٹ اور کے پی آئی ٹی بی کے ہیڈ کوارٹرز میں تعینات کیا جائے گا تاکہ وہ صنعت کی ضروریات کے مطابق براہِ راست عملی تجربہ حاصل کر سکیں۔

امیدوار خواتین اپنی درخواستیں سرکاری پورٹل joinit.kp.gov.pk/list/jobs پر آن لائن جمع کرا سکتی ہیں۔ محکمہ آئی ٹی بورڈ کے مطابق درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 13 مارچ 2026 مقرر کی گئی ہے۔

وہ خواتین جو ٹیکنالوجی کے میدان میں اپنا کیریئر بنانا چاہتی ہیں ان کے لیے یہ ایک سنہری موقع قرار دیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top