ایف آئی اے کا بڑا ڈبل ایکشن: پشاور اور سوات میں بھاری جرمانے اور غیر قانونی مالی نیٹ ورک بے نقاب

پشاور: ایف آئی اے اے سی سی پشاور زون نےبجلی چوری کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے پیر پیائی سب ڈویژن میں مختلف برک کِلْنز کے خلاف مشترکہ چھاپے مارے، جبکہ ضلع سوات میں غیر قانونی حوالہ ہنڈی کے کاروبار میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

پیر پیائی میں بجلی چوری کے خلاف ایکشن

ایف آئی اے اور ایس اینڈ آئی ٹیم نے مشترکہ کارروائی کے دوران جے ڈی خان برک فیکٹری کو براہِ راست کنکشن کے ذریعے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ لیا۔

ٹیم نے موقع پر ہی غیر قانونی کنکشن منقطع کر دیا اور فیکٹری مالک پر ایک لاکھ پچاس ہزار روپے جرمانہ عائد کیا، جو فوری طور پر وصول بھی کر لیا گیا۔

اسی سب ڈویژن میں ایک اور کارروائی کے دوران این آر خان برک کِلْن کو بھی براہِ راست کنکشن کے ذریعے بجلی استعمال کرتے ہوئے پایا گیا۔

ایس اینڈ آئی عملے نے کنکشن فوری طور پر منقطع کرتے ہوئے مالک کو دو لاکھ ساٹھ ہزار روپے جرمانہ کیا، جس کی رقم سرکاری خزانے میں جمع کرا دی گئی۔

مزید برآں اے ڈی خان برک کِلْن کا میٹر کنکشن چیکنگ کے دوران مشکوک پایا گیا، جہاں تمام سی ٹیز اور پی ٹیز غیر فعال ہونے کا انکشاف ہوا۔

حکام نے فوری طور پر کنکشن منقطع کرتے ہوئے ایک لاکھ بیس ہزار روپے کا ایڈوانس اسسمنٹ بل جاری کیا، جو موقع پر ہی وصول کر لیا گیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق بجلی چوری اور بے ضابطگیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

سوات میں حوالہ ہنڈی کے خلاف کریک ڈاؤن

دوسری جانب ایف آئی اے پشاور زون نے حوالہ ہنڈی کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے تحصیل کبل، ضلع سوات میں کامیاب کارروائی کی۔

یہ بھی پڑھیں : آئی فون 17E: انٹری لیول مگر طاقتور، شائقین کے لیے خوشخبری

کارروائی کے دوران ملزم سید عالم کو گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے آٹھ لاکھ روپے نقد رقم اور دیگر شواہد برآمد ہوئے۔

حکام کے مطابق ملزم بغیر لائسنس غیر قانونی حوالہ ہنڈی کا کاروبار کر رہا تھا۔ ملزم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے انعام گنڈا پور نے واضح کیا کہ بجلی چوری، مالی بے ضابطگیوں اور غیر قانونی کاروبار کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی اور قانون شکن عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

Scroll to Top