علی امین سے سکیورٹی واپس لینے کی خبریں بے بنیاد، بالآخرسہیل آفریدی نے حقیقت بتا دی

علی امین سے سکیورٹی واپس لینے کی خبریں بے بنیاد، بالآخرسہیل آفریدی نے حقیقت بتا دی

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے واضح کیا ہے کہ علی امین گنڈاپور کی سیکیورٹی واپس لینے کی خبریں بے بنیاد ہیں

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ کسی بھی شخصیت سے سیکیورٹی واپس نہیں لی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی واپس لینے کی بات سراسر جھوٹ ہے اور ان کے پاس اتنا وقت نہیں کہ وہ اس نوعیت کے معاملات میں مصروف رہیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت کی ترجیح بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہے، جبکہ دیگر معاملات کو بلاوجہ ایشو بنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی نان ایشو کو ایشو بنا کر خبروں میں رہنا چاہتا ہے تو اس کے ذمہ دار وہ نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز علی امین گنڈاپور نے اپنے ایک پیغام میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ رات 11 بجے وزیر اعلیٰ کے ڈپٹی سی ایس او کی جانب سے ان کے سیکیورٹی اہلکاروں کو کال کی گئی اور انہیں اگلے روز “کلوز” ہونے کی ہدایت دی گئی۔

علی امین گنڈاپور کے مطابق ان کے پاس صوبائی حکومت کی جانب سے فراہم کردہ ایک جیمر اور ایک ڈبل کیبن گاڑی موجود تھی، جس کے ساتھ 14 سیکیورٹی اہلکار تعینات تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اہلکاروں نے جب اس حوالے سے آگاہ کیا تو انہوں نے انہیں کلوز ہونے کی ہدایت دے دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر اب سیکیورٹی واپس بھی دی گئی تو وہ اسے قبول نہیں کریں گے اور وزیر اعلیٰ کو اس کی ضرورت نہیں۔

سیاسی حلقوں میں اس بیان بازی کو اہم قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ معاملے پر دونوں رہنماؤں کے مؤقف سامنے آنے کے بعد صورتحال واضح ہو گئی ہے۔

Scroll to Top