شاہد جان
خیبرپختونخوا کی کابینہ کا اڑتالیسواں اجلاس آج پشاور میں طلب کر لیا گیا ہے جس کی صدارت وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کریں گے۔
اجلاس کا باضابطہ ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے جس میں اہم پالیسی اور ترقیاتی امور شامل ہیں۔
ایجنڈے کے مطابق ہائبرڈ گندم خریداری اور اسٹریٹجک ریزروز پالیسی 2026 کی منظوری زیر غور آئے گی جبکہ خواتین کو ہراسانی سے تحفظ ایکٹ 2010 میں مجوزہ ترامیم بھی کابینہ کے سامنے پیش کی جائیں گی۔ ضلع ہنگو میں جوڈیشل کمپلیکس کی توسیع کے لیے سرکاری زمین کی منتقلی پر غور کیا جائے گا اور آئینی ترمیمی بل 2024 اور 2025 پر بھی بحث متوقع ہے۔
محکمہ خزانہ کے اسپیشلائزڈ یونٹس میں بھرتیوں کی منظوری، لوئر دیر میں آر سی سی پل کی لاگت میں اضافے کی سمری اور سیلاب سے متاثرہ سڑکوں کی بحالی کے منصوبوں کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ پشاور تا ڈی آئی خان موٹروے منصوبے کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ موڈ پر چلانے سے متعلق امور پر غور ہوگا جبکہ کم آمدن گھرانوں کے لیے رمضان سپورٹ پیکج 2026 بھی پیش کیا جائے گا۔
خیبرپختونخوا ویگرینسی کنٹرول اینڈ ری ہیبیلیٹیشن بل 2025 کابینہ میں پیش کیا جائے گا اور اسپیشل ایجوکیشن اساتذہ کے لیے نئے پے اسکیلز کی منظوری متوقع ہے۔ بنوں، مردان اور کوہاٹ میں بلڈ ٹرانسفیوژن سینٹرز کے قیام اور پانچ ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں بریسٹ اسکریننگ سینٹرز کے قیام کی سمری بھی زیر غور آئے گی۔
رمضان المبارک 1447 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے فنڈز کی منظوری، اقلیتی طلبہ کے لیے چیف منسٹر ڈیجیٹل انکلوژن پروگرام گرانٹ، پی پی آئی بی کے لیے نجی شعبے کے نمائندے کی نامزدگی اور پشاور ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں اراضی ایکوزیشن کیس بھی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔
سول سیکرٹریٹ کی سکیورٹی انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے، کے پی ریزیلینٹ ایریگیٹڈ ایگریکلچر پراجیکٹ کے لیے قرض کے حصول، اپر چترال میں نرسنگ کالج کے قیام کے لیے اراضی کی منتقلی اور لکی مروت میں ویمن اینڈ چلڈرن اسپتال منصوبے کی لاگت میں اضافے کی منظوری پر بھی غور کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ پشاور میں غلہ گودام کے لیے جگہ کی فراہمی اور ضلع خیبر کے علاقے تیراہ کے متاثرہ خاندانوں کے لیے مالی امدادی پیکج میں اضافے کی منظوری بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔ اجلاس میں متعدد اہم فیصلوں کی توقع کی جا رہی ہے جو صوبے کی انتظامی اور ترقیاتی سمت کا تعین کریں گے۔





