ہارون شینواری
خیبر: ضلع خیبر کے علاقے لنڈی کوتل سلطان خیل میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار اور اس کا کمسن بیٹا جان کی بازی ہار گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ شام پیش آیا، جب سپاہی سفیر خان اپنے حجرے کے سامنے موجود تھے کہ نامعلوم افراد نے اچانک فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں سپاہی اور اس کا 7 سالہ بیٹا محمد طلحہ شدید زخمی ہو گئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا، تاہم زخمیوں کی حالت نہ سنبھل سکی اور دونوں دورانِ علاج جاں بحق ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق یہ حملہ تقریباً ایک گھنٹہ قبل پیش آیا تھا، اور واقعے کے فوراً بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا تاکہ حملہ آوروں کو گرفتار کیا جا سکے۔
واقعے کے بعد تھانہ لنڈی کوتل میں نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور ملزمان کی تلاش کے لیے مختلف ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : وفاقی محتسب کی مداخلت سے شہری کا حق بحال، 30 ہزار روپے کا ریلیف
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کے بارے میں فوری طور پر اطلاع دیں تاکہ حملہ آوروں کو جلد گرفتار کیا جا سکے۔
یہ واقعہ علاقے میں سیکیورٹی کی صورتحال پر سوالات کھڑے کر رہا ہے اور مقامی پولیس کے لیے ایک چیلنج بھی ہے کہ وہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھ سکے۔





