اسلام آباد: سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے معاہدے کی خلاف ورزی پر تین عمرہ کمپنیوں کے لائسنس معطل کر دیے۔
وزارت کے مطابق متعلقہ کمپنیوں نے عمرہ زائرین کو منظور شدہ معاہداتی پروگرام کے تحت رہائش کی سہولیات فراہم نہیں کیں، جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔
وزارت نے وضاحت کی کہ متعدد زائرین کی جانب سے شکایات موصول ہوئیں کہ سعودی عرب پہنچنے کے باوجود انہیں وہ رہائش میسر نہیں آئی جو معاہدے میں واضح طور پر درج تھی۔ ان شکایات کے بعد تحقیقات کی گئیں اور ذمہ دار کمپنیوں کے خلاف تادیبی اقدامات اٹھائے گئے۔
حکام کے مطابق ان کمپنیوں کے بیرونِ ملک ایجنٹس کے خلاف بھی قانونی کارروائی جاری ہے تاکہ آئندہ اس نوعیت کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کی جا سکے۔
وزارت نے ہدایت کی ہے کہ متاثرہ زائرین کو فوری طور پر متبادل رہائش فراہم کی جائے اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں : سہیل آفریدی کو اسٹریٹ موومنٹ کا ٹاسک کس نے دیا؟ لطیف کھوسہ نے واضح کر دیا
وزارتِ حج و عمرہ نے اعادہ کیا کہ زائرین کی سہولت اور تحفظ اولین ترجیح ہے اور کسی بھی کمپنی کو معاہداتی ذمہ داریوں سے انحراف کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔





