بیوٹی ورلڈ مڈل ایسٹ 2026ء کی نمائش میں پاکستان پویلین کا افتتاح

بیوٹی ورلڈ مڈل ایسٹ 2026ء کی نمائش میں پاکستان پویلین کا افتتاح

دبئی میں پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد نے بتایا کہ یہ نمائش  8 اکتوبر تک جاری رہے گی، نمائش میں دنیا بھر سے بیوٹی، پرسنل کیئر، کاسمیٹکس، سکن کیئر، ہیئر کیئر، پرفیومز، بیوٹی ٹیکنالوجی اور پیکیجنگ کے شعبوں سے وابستہ ادارے شرکت کر رہے ہیں۔

افتتاحی تقریب کے موقع پر ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصلر علی زیب خان اور قونصلر محمد ہارون چوہدری بھی قونصل جنرل کے ہمراہ تھے، پاکستانی نمائش کنندگان کی شرکت ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان، ٹی ڈی اے پی، نے دبئی میں پاکستان قونصلیٹ جنرل کے کمرشل سیکشن کے تعاون سے ممکن بنائی ہے۔

ٹی ڈی اے پی کے زیر اہتمام 4 پاکستانی کمپنیاں نمائش میں شریک ہیں، جہاں وہ بیوٹی اور پرسنل کیئر کے شعبے میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی صنعتی صلاحیت، معیاری مصنوعات اور برآمدی استعداد کو عالمی خریداروں اور کاروباری نمائندوں کے سامنے پیش کر رہی ہیں۔

قونصل جنرل حسین محمد نے پاکستانی کمپنیوں کی شرکت کو پاکستان کی برآمدات کے فروغ کے لیے اہم قدم قرار دیا، اور کہا کہ متحدہ عرب امارات پاکستانی برآمد کنندگان کے لیے ایک اہم منڈی اور وسیع تر علاقائی مارکیٹ تک رسائی کا مؤثر راستہ ہے۔

ان کے مطابق بیوٹی ورلڈ مڈل ایسٹ پاکستانی کمپنیوں کو معیاری مصنوعات متعارف کرانے، کاروباری روابط بڑھانے اور نئی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے کے لیے بہترین پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔

ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصلر علی زیب خان نے کہا کہ یو اے ای کی بڑھتی ہوئی بیوٹی اور کاسمیٹکس مارکیٹ پاکستانی مینوفیکچررز اور برآمد کنندگان کے لیے اپنی مصنوعات کی رسائی کو وسعت دینے کا اہم موقع پیش کرتی ہے۔

Scroll to Top