خیبر پختونخوا حکومت نے سرکاری اسکولوں میں اساتذہ اور عملے کی حاضری یقینی بنانے کے لیے موبائل ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کی جانب سے ڈائریکٹوریٹ اور تمام ضلعی تعلیمی افسران کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے۔
مراسلے کے مطابق تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی حاضری جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے یقینی بنائی جائے گی۔ تمام ضلعی تعلیمی افسران کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ اسٹاف حاضری کے لیے موبائل ایپ تیار کریں۔
مجوزہ موبائل ایپ میں لیو مینجمنٹ سسٹم کو شامل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ اسکول وزٹ مینجمنٹ ماڈیول بھی ایپ کا اہم حصہ ہوگا۔ اس کے علاوہ رپورٹنگ اور اینالیٹکس ڈیش بورڈ فیچرز شامل کرنے کی بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ حاضری کے نظام کی مؤثر نگرانی ممکن بنائی جا سکے۔
محکمہ تعلیم نے موبائل ایپ کی تیاری اور جمع کرانے کے لیے 30 دن کی مدت مقرر کی ہے۔ ضلعی تعلیمی دفاتر کو آئی ٹی ماہر اساتذہ کی خدمات حاصل کرنے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے تاکہ جدید تقاضوں کے مطابق ایپ تیار کی جا سکے۔
بہترین موبائل ایپ کے انتخاب کے لیے تمام ڈی ای او دفاتر میں مقابلے کا انعقاد کیا جائے گا، جبکہ جیتنے والی ایپ کو صوبے کے سرکاری اسکولوں میں باقاعدہ سرکاری حاضری سسٹم کے طور پر نافذ کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد تعلیمی اداروں میں شفافیت، نظم و ضبط اور حاضری کے مؤثر نظام کو یقینی بنانا ہے۔





