صحت کارڈ پروگرام میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور غلط علاج کے الزامات کے حوالے سے محکمہ صحت نے بڑا ایکشن لیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے دوران 22 ڈاکٹروں کی نشاندہی کی گئی ہے جن پر صحت کارڈ کے تحت مریضوں کو غلط علاج فراہم کرنے کے الزامات ہیں۔
محکمہ صحت نے متعلقہ ڈاکٹروں کو نوٹسز جاری کر دیے ہیں اور ان سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ کارروائی صحت کارڈ میں بڑے پیمانے پر مبینہ مالی بے ضابطگیوں کی شکایات کے پیش نظر کی گئی ہے، جبکہ پشاور کے ایک بڑے تدریسی ہسپتال کے ڈاکٹرز کے حوالے سے شکایات بھی موصول ہوئی ہیں۔
صحت کارڈ میں ہونے والی تحقیقات کا مقصد نہ صرف مریضوں کو درست اور معیاری علاج فراہم کرنا ہے بلکہ پروگرام میں مالی اور انتظامی شفافیت کو بھی یقینی بنانا ہے۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق، ابتدائی اقدامات کے بعد مزید ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کا امکان بھی موجود ہے۔





