خیبر پختونخوا پولیس کی بروقت کارروائی، پشاور، بنوں اور ہنگو میں دہشت گرد پسپا، عزائم خاک میں ملا دیے

پشاور: پشاور، بنوں اور ہنگو میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے متعدد حملوں کو ناکام بنا دیا، جبکہ جوابی کارروائی کے دوران حملہ آور عناصر فرار ہو گئے۔

پشاور کے تھانہ بڈھ بیر اور تھانہ متنی سرہ خوارہ پولیس چوکیوں پر دہشت گردوں نے دستی بم اور فائرنگ کے ذریعے حملے کیے۔ تھانہ بڈھ بیر پر دستی بم حملے میں ایک کانسٹیبل زخمی ہوا، جبکہ تھانہ متنی چوکی پر حملے کے دوران ایک اہلکار سمیت 7 افراد زخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق چوکی میں ایک جرگہ جاری تھا، جسے محفوظ بنانے کے لیے پولیس نے بروقت جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ملزمان فرار ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

بنوں میں کاشو پل اور کنگر پولیس چوکیوں پر دہشت گردوں نے فائرنگ کی لیکن پولیس کی مؤثر جوابی کارروائی سے حملہ آور عناصر پسپا ہو گئے۔ ڈی پی او یاسر آفریدی نے شہر میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے تمام شاہراہوں اور چوکوں پر پولیس تعینات کرنے کا حکم دیا۔

ہنگو کے قاضی تالاب کے مقام پر پولیس چوکی پر دہشت گردوں نے فائرنگ کی، جس کے بعد پولیس نے بھاری نفری کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے حملہ پسپا کر دیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خانزیب مہمند کے مطابق پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ جاری رہی، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی اور حملہ آور فرار ہو گئے۔ پولیس جوانوں نے دلیری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے علاقے میں کنٹرول قائم رکھا۔

یہ بھی پڑھیں : طالبان جھنڈے چھوڑ کر فرار،پاک فوج کے جوانوں نے پرچم پر کلمہ دیکھ کر ادب سے اٹھالیا

کوہاٹ میں شہر کے تمام داخلی راستوں پر پولیس چوکیاں قائم کر دی گئی ہیں تاکہ ممکنہ دہشت گرد حملوں کو ناکام بنایا جا سکے۔ پولیس حکام نے بتایا کہ وہ الرٹ ہیں اور شہریوں کے تحفظ کے لیے اپنے فرائض پوری جانفشانی سے سرانجام دے رہی ہیں۔

پولیس ترجمان کے مطابق پشاور، بنوں اور ہنگو میں دہشت گرد عناصر کی کارروائیوں کو بروقت اور مؤثر جوابی فائرنگ کے ذریعے ناکام بنایا گیا، اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال مستحکم ہے۔

سکیورٹی فورسز کی ہمت، پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت کارروائی نے دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملا دیے ہیں۔

Scroll to Top