لاہور : حکومتِ پنجاب نے عیدالفطر 2026 سے قبل سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو مالی سہولت فراہم کرنے کے لیے تنخواہیں اور پنشن پیشگی ادا کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے محکمہ خزانہ پنجاب نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تمام مسلم سرکاری ملازمین کو 16 مارچ 2026 کو مارچ کی تنخواہیں ادا کی جائیں گی، جبکہ اسی روز پنشنرز کو بھی ان کی پنشن جاری کی جائے گی تاکہ ریٹائرڈ ملازمین عید سے قبل اپنی ضروریات پوری کر سکیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام عید کے موقع پر ملازمین کو بروقت مالی سہولت فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے تاکہ وہ تہوار کی تیاریوں میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کریں۔
دوسری جانب ملک بھر میں عیدالفطر 21 مارچ 2026 کو منائے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات پاکستان کے مطابق شوال 1447 ہجری کا نیا چاند 19 مارچ 2026 کو صبح 6 بج کر 23 منٹ (PST) پر پیدا ہوگا، تاہم اس وقت چاند کی عمر 12 سے 13 گھنٹے ہونے کے باعث اس کی رویت کے امکانات کم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : جنوبی کوریا نے پاکستانیوں کو بڑی خوشخبری سنا دی
فلکیاتی تجزیے کے مطابق 19 مارچ کی شام، جو 29 رمضان 1447 ہجری کے مطابق ہوگی، شوال کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں ہے، جس کے باعث عیدالفطر 21 مارچ کو ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔




