اسلام آباد : جنوبی کوریا میں منعقد ہونے والے یونیسکو ورلڈ ہیریٹیج ینگ پروفیشنلز فورم 2026 کے لیے درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں۔
یہ بین الاقوامی فورم 13 سے 21 جولائی 2026 تک منعقد ہوگا، جس کی میزبانی یونیسکو کے لیے کوریائی قومی کمیشن اور کوریائی محکمۂ ثقافتی ورثہ کریں گے۔
فورم کا موضوع ورلڈ ہیریٹیج، کمیونٹیز اور ایجوکیشن: نوجوانوں کو تبدیلی کے محرک کے طور پر بااختیار بنانا رکھا گیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت دنیا بھر سے 30 نوجوان پروفیشنلز کا انتخاب کیا جائے گا، جن میں پاکستان سے بھی امیدوار شامل ہوں گے۔
یہ موقع خاص طور پر اُن پاکستانی نوجوانوں کے لیے اہم ہے جو ثقافتی ورثے کے تحفظ، تعلیم، تحقیق، اختراعی منصوبوں اور کمیونٹی ڈیولپمنٹ کے شعبوں میں سرگرم ہیں۔
منتخب امیدواروں کو مکمل مالی معاونت فراہم کی جائے گی، جس میں واپسی کا بین الاقوامی ہوائی ٹکٹ، نو روزہ قیام کے دوران رہائش، روزانہ کھانے، ویزا فیس اور مقامی ٹرانسپورٹ شامل ہیں۔ اس اقدام کا مقصد باصلاحیت نوجوانوں کو مالی بوجھ کے بغیر عالمی سطح کے پلیٹ فارم تک رسائی دینا ہے۔
درخواست دہندگان کی عمر 23 سے 32 سال کے درمیان ہونی چاہیے، یعنی امیدوار 1994 سے 2003 کے درمیان پیدا ہوئے ہوں۔
یہ بھی پڑھیں : تھانوں میں سڑتی گاڑیاں، آخر ذمہ دار کون؟ اہم اجلاس میں بڑا مطالبہ
اساتذہ، جامعات کے لیکچررز، عالمی ورثہ مقامات کے منتظمین، ورثہ محققین، انوویشن اسپیشلسٹس اور ثقافتی یا کمیونٹی منصوبوں سے وابستہ این جی او ورکرز اس پروگرام کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
امیدواروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ ورثے سے متعلق سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کر رہے ہوں اور نوجوان قیادت و کمیونٹی ترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہوں۔
دلچسپی رکھنے والے پاکستانی امیدوار آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں جبکہ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 مارچ 2026 مقرر کی گئی ہے۔





