شیراز احمد شیرازی
پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے شیڈول اور تمام ریجنل ٹیموں کے سکواڈز کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔
مجموعی طور پر 23 میچز پر مشتمل یہ اہم ٹورنامنٹ 7 سے 18 مارچ تک پشاور میں منعقد کیا جائے گا جس میں ملک بھر کی دس ریجنل ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی۔
ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے ٹیموں کو دو مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
گروپ اے میں لاہور وائٹس، پشاور، فیصل آباد، کراچی وائٹس اور بہاولپور کی ٹیمیں شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں دفاعی چیمپئن لاہور بلوز کے ساتھ سیالکوٹ، ملتان، ایبٹ آباد اور کراچی بلوز کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
شیڈول کے مطابق گروپ سٹیج اور سیمی فائنلز کے دوران روزانہ دو میچز کھیلے جائیں گے تاکہ شائقین کرکٹ کو بھرپور تفریح میسر آ سکے۔
ٹورنامنٹ کے اوقات کار کے حوالے سے پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ روزانہ پہلے میچ کا آغاز شام سوا چار بجے ہوگا جبکہ دوسرا میچ رات سوا نو بجے شروع کیا جائے گا۔
پشاور کے کرکٹ شائقین کے لیے یہ ٹورنامنٹ بہترین موقع ہے جہاں وہ اپنی پسندیدہ ریجنل ٹیموں اور کھلاڑیوں کو میدان میں مقابلہ کرتے دیکھ سکیں گے۔





