قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بنوں میں دہشتگردی کے دو بڑے منصوبے ناکام بنا دیے ہیں۔
بنوں میں بم ڈسپوزل سکواڈ نے مختلف مقامات سے مجموعی طور پر 150 کلوگرام بارودی مواد برآمد کرکے ناکارہ بنا دیا۔
پولیس کے مطابق پہلا واقعہ بکاخیل تھانے کی حدود میں میرانشاہ روڈ پر ایک پل کے نیچے پیش آیا، دہشتگردوں نے تقریباً 140 کلو بارودی مواد دو ڈرموں میں کمانڈ وائر کے ساتھ نصب کر رکھا تھا، بروقت کارروائی کے نتیجے میں یہ مواد ناکارہ بنا دیا گیا۔
دوسرا بم ککی پولیس اسٹیشن کے مرکزی دروازے کے قریب برآمد ہوا۔ پولیس کے مطابق دہشتگردوں نے اس بم کو آگ لگا کر دھماکہ کرنے کی کوشش کی تاہم آگ بارود تک پہنچنے سے پہلے ہی بجھ گئی جس کی وجہ سے دھماکا نہیں ہوا۔
بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق بم میں تقریباً 10 کلو بارودی مواد اور بال بیرنگ نصب تھے جو دھماکے کی صورت میں بڑے جانی و مالی نقصان کا سبب بن سکتے تھے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بنوں یاسر آفریدی نے کہا کہ دونوں واقعات میں بروقت کارروائی کے باعث ممکنہ بڑی تباہی ٹال دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر میں افغانستان سے لائی گئی آئس اور ہیروئن کا اسمگلنگ نیٹ ورک بے نقاب
انہوں نے بم ڈسپوزل سکواڈ اور پولیس اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔





