سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، سرحد پر باڑ کاٹنے کی کوشش ناکام بنادی، ایک دہشت گرد ہلاک

ایف سی نارتھ نے پاک افغان سرحد پر دراندازی کی بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک دہشت گرد کو ہلاک کر دیا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی بلوچستان کے  خارا سیکٹر میں اس وقت کی گئی جب سرحد پار سے آنے والے شرپسند عناصر نے باڑ کاٹنے کی کوشش کی۔

ایف سی نارتھ نے سرحد پار سے باڑ کاٹنے اور دراندازی کی کوششوں کے پیشِ نظرممکنہ مقامات پر گھات لگائی تھی۔آج ساڑھے چار بجے کے قریب 3 سے 4 شرپسندوں نے مخا پوسٹ کے قریب سرحد پر لگی باڑ کو کاٹنے کی کوشش کی جس پر ایف سی نارتھ نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کی۔

فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک دہشت گرد موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ دیگر زخمی حالت میں قریبی جھاڑیوںکا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

ہلاک ہونے والے دہشت گرد کی لاش تحویل میں لے لی گئی ہے جو بظاہر کالعدم ٹی ٹی پی کا اہم کارندہ معلوم ہوتا ہے۔

کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے ڈیڑھ لیٹر کی بوتلوں میں تیار کردہ 4 سے 5 عدد آئی ای ڈیز اور باڑ عبور کرنے کے لیے استعمال ہونے والی سیڑھی بھی برآمد ہوئی ہے۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ باڑ کاٹنے کا مقصد رات کی تاریکی میں دراندازی کے لیے راستہ بنانا تھا جسے بروقت کارروائی کر کے ناکام بنا دیا گیا۔

Scroll to Top