خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارش اور شدید ژالہ باری ہوئی ہے جس کے نتیجے میں کھڑی فصلوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

ضلع لکی مروت میں شدید ژالہ باری ریکارڈ کی گئی ہے اور سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ژالہ باری کے باعث فصلیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔

دوسری جانب این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے 9 سے 12 مارچ 2026 کے لیے نیا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

الرٹ کے مطابق 9 سے 12 مارچ کے دوران خیبر پختونخوا، پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

خطہ پوٹھوہار بشمول اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم اور میانوالی میں اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران آندھی اور ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ اسلام آباد اور خطہ پوٹھوہار کے بالائی علاقوں میں ژالہ باری بھی متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے کے مطابق 9 سے 11 مارچ کے دوران خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع جن میں چترال، دیر، ہری پور، کرک، کوہاٹ، کوہستان، خیبر، کرم، مانسہرہ، مہمند، نوشہرہ، مالاکنڈ، چارسدہ، ایبٹ آباد، بنوں، بونیر، پشاور، صوابی اور گردونواح شامل ہیں وہاں آندھی کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔

اسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں بشمول استور، گلگت، اسکردو، دیامر، غذر، ہنزہ، نگر، مظفرآباد، نیلم، ہٹیاں بالا، باغ، حویلی اور پونچھ میں بھی 9 سے 11 مارچ کے دوران چند مقامات پر ہلکی بارش اور جزوی طور پر ابر آلود موسم رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

Scroll to Top