ایندھن کی قلت کے پیش نظر خیبرپختونخوا میں جامعات کے اوقات کار میں عارضی تبدیلی،آن لائن کلاسز کا آغاز

ایندھن کی قلت کے پیش نظر خیبرپختونخوا میں جامعات کے اوقات کار میں عارضی تبدیلی،آن لائن کلاسز کا آغاز

حکومت خیبرپختونخوا نے ایندھن کے بحران اور قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر صوبے کی جامعات اور ڈگری ایوارڈنگ اداروں کے اوقات کار میں عارضی تبدیلی کا اعلان کر دیا ہے۔ صوبے بھر کی تمام سرکاری اور نجی جامعات جمعہ اور ہفتہ کو بند رہیں گی، جبکہ ڈگری ایوارڈنگ ادارے اور کالجز بھی جمعہ و ہفتہ کو بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

ہائیر ایجوکیشن، آرکائیوز اینڈ لائبریریز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ باقی ایام میں جامعات کو ہائبرڈ یا آن لائن تدریسی نظام اپنانے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ طلبہ کی تعلیم متاثر نہ ہو۔ ایندھن کی فراہمی اور قیمتوں کی صورتحال کے پیش نظر متبادل تدریسی طریقہ کار پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔

اعلامیے میں تعلیمی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ہائبرڈ اور آن لائن کلاسز کو ترجیح دی جائے اور فیصلہ ابتدائی طور پر دو ماہ کے لیے مؤثر ہوگا۔ نئی ہدایات جاری ہونے تک موجودہ انتظامات برقرار رہیں گے۔

تمام وائس چانسلرز اور متعلقہ اداروں کو فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔ ترجمان دفتر وزیر برائے اعلیٰ تعلیم و بلدیات نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد ایندھن کے بحران کے باوجود طلبہ کی تعلیم میں تسلسل برقرار رکھنا اور تدریسی نظام کو مؤثر بنانا ہے۔

Scroll to Top