سوات میں افسوسناک واقعہ

شہزاد نوید
سوات: رحیم آباد میں ایک افسوسناک واقعے میں گھریلو تنازعے کے دوران شوہر نے فائرنگ کر کے اپنی بیوی کو قتل کر دیا۔ مقتولہ پشاور کے ایک اسپتال میں ایل ایچ وی کے طور پر تعینات تھی۔

ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد مقتولہ کی لاش سیدو شریف اسپتال منتقل کر دی گئی ہے تاکہ قانونی اور طبی کارروائی مکمل کی جا سکے۔

پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کر کے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق تحقیقات میں گھریلو تنازعے کی نوعیت اور دیگر پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : سوات میں جائیداد کے تنازعے پر بھائی کے ہاتھوں بھائی قتل، پولیس کی تفتیش جاری

یاد رہے کہ گزشتہ رات سوات کے علاقے چارباغ میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا، جہاں جائیداد کے تنازعے کے باعث بھائی نے اپنے بھائی کو قتل کر دیا۔

واقعے کے مطابق شاہد خان نے اپنے بھائی واحد خان پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں واحد خان شدید زخمی ہو گیا اور اسپتال پہنچنے کے چند ہی دیر بعد دم توڑ گیا۔

مقامی پولیس کے مطابق مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ قتل کی وجوہات اور فائرنگ کی تفصیلات کی تصدیق کی جا سکے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور جائے وقوعہ سے فرار ہونے والے ملزم کی تلاش جاری ہے۔

واقعے کے مطابق فائرنگ کے بعد شاہد خان موقع سے فرار ہو گیا، اور پولیس نے اسے گرفتار کرنے کے لیے علاقے میں ناکہ بندی اور سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ علاقے میں کشیدگی کے پیش نظر سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے اور مقامی افراد سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی غیر قانونی کارروائی سے گریز کریں۔

Scroll to Top