یونیورسٹی آف پشاور میں پاک فوج کے زیر اہتمام یوتھ ایمپاورمنٹ پروگرام کا انعقاد

پشاور: یونیورسٹی آف پشاورمیں پاک فوج کے زیر اہتمام یوتھ ایمپاورمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد طلبہ کی تعلیمی، کھیلوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو فروغ دینا اور انہیں مستقبل کے لیے تیار کرنا ہے۔

کور کمانڈر پشاور کی جانب سے پروگرام کے تحت یونیورسٹی آف پشاور کے طلبہ کو مختلف شعبوں میں مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔

اس موقع پر طلبہ کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی اور ان کے ہنر و صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے عملی اقدامات کی تفصیل پیش کی گئی۔

طالب علم زبیح اللہ کو خصوصی طور پر سراہا گیا، جنہوں نے قبل ازیں نیشنل ہیرو ایوارڈ، نیشنل پیس اچیور ایوارڈ اور فخرِ خیبرپختونخوا ایوارڈ حاصل کیے ہیں۔

علاوہ ازیں ابھرتے ہوئے کھیل ٹیق بال میں طالب علم حسنین کو تھائی لینڈ میں ٹریننگ کیمپ کے لیے اسپانسرشپ بھی فراہم کی گئی، تاکہ ان کی کھیل کی مہارتوں کو عالمی سطح پر فروغ دیا جا سکے۔

پاک فوج نے پروگرام کے تحت سی ایم ایچ میں 210 طلبہ کے لیے ایک سالہ انٹرن شپ پروگرام بھی شروع کیا، جس کا مقصد طلبہ کو عملی تربیت کے ذریعے پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافہ کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : یومِ پاکستان: خیبر پختونخوا میں دس لاکھ پودے لگانے کی تیاری

یونیورسٹی آف پشاور کے طلبہ کے ساتھ سوال و جواب کی نشست بھی منعقد کی گئی، جس میں بڑی تعداد میں طلبہ اور اساتذہ نے شرکت کی اور پاک فوج کی کوششوں کو سراہا۔ طلبہ نے اس پروگرام کو اپنی تعلیمی اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔

پروگرام کے اختتام پر اس بات پر زور دیا گیا کہ پاک فوج نوجوانوں کی ترقی اور ان کے مواقع کو فروغ دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرتی رہے گی، تاکہ طلبہ ملک و قوم کی خدمت میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔

Scroll to Top