پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل پیکجز کی قیمتوں میں اضافے پر عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ٹیلی کام کمپنیوں کو ماہانہ بنیادوں پر قیمتیں بڑھانے سے روک دیا ہے۔
نئے ضوابط کے تحت اب کسی بھی نئے پیکج کے اجرا یا موجودہ قیمتوں میں اضافے سے قبل پی ٹی اے کی پیشگی اجازت لازمی قرار دے دی گئی ہے۔
پی ٹی اے نے موبائل کمپنیوں کو ہر 30 دن بعد قیمتیں بڑھانے کی دی گئی اجازت بھی ختم کر دی ہے جس کے بعد اب قیمتوں میں اضافہ صرف سہ ماہی بنیادوں پر ہی ممکن ہو سکے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں توازن برقرار رکھنے کے لیے ٹیلی کام آپریٹرز کی سخت نگرانی کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں موبائل ٹیرف ریگولیشنز2025نافذ کر دیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق کمپنیوں کو گزشتہ سال کے مقابلے میں صرف 10 سے 20 فیصد تک اضافے کی اجازت دی جا سکے گی۔





