لکی مروت میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ایک بڑے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کےتبادلے کے بعد 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
سی ٹی ڈی بنوں ریجن نے ضلع لکی مروت میں تھانہ گمبیلا کی حدود شاگئی کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر ایک کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا ہے۔
آپریشن کے دوران سی ٹی ڈی کی اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس ٹیم (سواٹ) نے مؤثر حکمت عملی اپنائی تاہم دہشت گردوں نے ٹیم کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
سی ٹی ڈی کے جوانوں نے حقِ حفاظت خود اختیاری کے تحت جوابی کارروائی کی اور دونوں طرف سے فائرنگ کا یہ تبادلہ تقریباً 40 منٹ تک جاری رہا۔ فائرنگ تھمنے کے بعد جب علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا تو وہاں 6 دہشت گرد ہلاک پائے گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق جہنم واصل ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے جس کے بعد ان کے سہولت کاروں اور دیگر ساتھیوں کے خلاف مزید کارروائی کی جائے گی۔
ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے جس میں 4 کلاشنکوف، 10 میگزین، 43 کارتوس، 2 نائن ایم ایم پستول، 8 ہینڈ گرینیڈ، 4 بنڈولیئر اور ایک آئی ای ڈی شامل ہے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے اس کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی کی سواٹ ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کو سراہا ہے۔
آئی جی خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ وطنِ عزیز کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے دہشت گردوں کے خلاف سینہ سپر جوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور خیبرپختونخوا پولیس دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔





