نادرا کے نام پر جعلی ویب سائٹس کا انکشاف،نیشنل سرٹ نے شہریوں کو خبردار کردیا

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (نادرا) کے نام پر سائبر فراڈ کا معاملہ سامنے آیا ہےجہاں متعدد جعلی ویب سائٹس شہریوں کا ڈیٹا اور ذاتی معلومات چرانے میں ملوث پائی گئی ہیں۔

قومی سائبر ایمرجنسی سروسز ریسپانس ٹیم (نیشنل سرٹ ) نے نادرا کے ساتھ مل کر ان ویب سائٹس کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے اور اب تک ایسی 9 ویب سائٹس بلاک کی جا چکی ہیں۔

نیشنل سرٹ کی جانب سے جاری کردہ سائبر الرٹ میں شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ نادرا کے نام پر کام کرنے والی ان جعلی ویب سائٹس سے ہوشیار رہیں۔

 شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اپنی ذاتی معلومات فراہم کرنے سے پہلے ویب سائٹ کا ڈومین لازمی چیک کریںکیونکہ نادرا کی تمام خدمات صرف سرکاری ویب سائٹ پر ہی دستیاب ہیں۔

شہریوں کو مشکوک ای میلز، ایس ایم ایس اور سوشل میڈیا لنکس سے بھی محتاط رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔

Scroll to Top