سعودی عرب نے عمرہ ویزوں اور زائرین کی روانگی کی آخری تاریخیں جاری کر دیں

اسلام آباد: سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے موجودہ عمرہ سیزن کے لیے اہم آخری تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔ اس اعلان میں عمرہ ویزوں کے اجراء، ملک میں داخلے اور زائرین کی روانگی کی حتمی تاریخیں شامل ہیں۔

وزارت کے مطابق عمرہ ویزے جاری کرنے کا آخری دن شوال کا پہلا دن ہوگا، جبکہ زائرین کو 15 شوال سے پہلے سعودی عرب میں داخل ہونا ضروری ہے۔ مزید کہا گیا ہے کہ زائرین کو ذوالقعدہ کی پہلی تاریخ تک مملکت چھوڑنا ہوگا۔

یہ اعلان سعودی عمرہ کمپنیوں کے ساتھ وزارت کی 17 ویں متواتر ورچوئل میٹنگ کے دوران کیا گیا، جس میں حکام نے عمرہ اور حج دونوں سیزن کے حوالے سے ضوابط کی تعمیل کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

اجلاس میں وزارت نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حج کا سفر صرف درست حج ویزہ کے ساتھ کیا جا سکتا ہے، اور عمرہ ویزہ کے ذریعے حج ممکن نہیں ہے۔

وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے کہا ہے کہ بین الاقوامی صورتحال کے باوجود حج 2026 کے انتظامات شیڈول کے مطابق مکمل کیے جا رہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق عازمین حج کے ویزوں کا اجراء تیزی سے جاری ہے، جبکہ حج پروازوں کا شیڈول عید الفطر کے بعد جاری کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان ریلویز عیدالفطر کے موقع پر 4 خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان

حکام نے بتایا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں عازمین کی رہائش اور دیگر ضروری سہولیات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، اور عازمین حج کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حج سے متعلق کسی بھی مستند معلومات کے لیے پاک حج ایپ یا وزارت کی ویب سائٹ سے رجوع کریں۔

وفاقی کابینہ نے حج 2026 کے کوٹے میں بھی اہم تبدیلیاں متعارف کرائی ہیں۔ نئی پالیسی کے تحت:سرکاری حج اسکیم کا کوٹہ بڑھا کر 70 فیصد کر دیا گیا ہے۔نجی حج ٹور آپریٹرز کے لیے کوٹہ مختص کیا گیا ہے 30 فیصد۔

واضح رہے کہ سال 2025 میں پاکستان کا مجموعی حج کوٹہ 179,210 تھا، جسے سرکاری اور نجی شعبوں میں برابر تقسیم کیا گیا تھا۔

تاہم گزشتہ برس بدانتظامی کے باعث 67 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین حج کی سعادت حاصل کرنے سے محروم رہے تھے۔ نئی پالیسی کا مقصد شفافیت، بہتر نگرانی اور آسان رسائی کو یقینی بنانا ہے۔

Scroll to Top