پشاور: پوسٹ گریجویٹ کالج آف نرسنگ حیات آباد پشاور میں پیش آنے والے واقعے کی وجوہات اور حالات کی مکمل چھان بین کیلئے محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے تین رکنی فیکٹ فائنڈنگ انکوائری کمیٹی قائم کردی۔
محکمہ صحت کے مطابق کمیٹی واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے ساتھ ذمہ دار افراد کا تعین کرے گی اور مناسب کارروائی کیلئے سفارشات بھی پیش کرے گی۔
محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کی سربراہی محکمہ صحت کے سپیشل سیکرٹری کریں گے، جبکہ ڈائریکٹر جنرل پی ایچ ایس اے خیبر پختونخوا اور ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز خیبر پختونخوا کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔
کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نرسنگ کالج میں پیش آنے والے واقعے کے پس منظر، وجوہات اور واقعے سے قبل پیدا ہونے والی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لے۔
یہ بھی پڑھیں : حیات آباد نرسنگ کالج واقعہ، صدر پی ٹی آئی پشاور عرفان سلیم کا ٹویٹ، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے شکایتیں کر دیں
اس کے علاوہ کالج انتظامیہ اور احتجاج کرنے والے طلبہ کے درمیان پیش آنے والے حالات اور اس کے نتیجے میں رونما ہونے والے واقعات کی مکمل کڑی بھی سامنے لائی جائے گی۔
تحقیقاتی کمیٹی انتظامیہ، احتجاج کرنے والے طلبہ، عینی شاہدین اور معاملے سے متعلق دیگر افراد کے بیانات بھی قلمبند کرے گی تاکہ واقعے کے حقائق سامنے آسکیں۔
کمیٹی یہ بھی تعین کرے گی کہ واقعے کے دوران کسی قانون، ضابطے، قواعد یا سرکاری طریقہ کار کی خلاف ورزی ہوئی یا نہیں۔
محکمہ صحت نے کمیٹی کو واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر ذمہ داروں کا تعین کرنے اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق مناسب سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔





