خام تیل کی عالمی قیمتیں مزید بلند، توانائی کے بحران کے خدشات بڑھ گئے

خام تیل کی عالمی قیمتیں مزید بلند، توانائی کے بحران کے خدشات بڑھ گئے

آئل تنصیبات پر حملوں کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ، فی بیرل 200 ڈالر تک جانے کا خدشہ

مشرق وسطیٰ میں آئل تنصیبات پر حالیہ حملوں کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ عالمی سطح پر برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 113 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی، جو گزشتہ دنوں کے مقابلے میں 5.30 فیصد زیادہ ہے۔ امریکی ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمت بھی 97.43 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی، جو 1.15 فیصد اضافے کے برابر ہے۔

خطے میں آئل سپلائی میں یومیہ 7 سے 10 ملین بیرل تک کمی واقع ہوئی ہے، جس کے باعث عالمی مارکیٹ میں تیل کی قلت اور قیمتوں میں اضافے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال کے تسلسل میں خام تیل کی قیمتیں 150 سے 200 ڈالر فی بیرل تک پہنچ سکتی ہیں۔

اس بڑھتی ہوئی قیمت کا اثر نہ صرف عالمی توانائی مارکیٹ بلکہ ایندھن کی قیمتوں، صنعتوں اور صارفین پر بھی پڑ سکتا ہے۔ تیل کی پیداوار اور سپلائی کے حوالے سے عالمی توجہ اب مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر مرکوز ہے، اور ماہرین عالمی مارکیٹ میں ممکنہ ہنگامی صورتحال سے خبردار کر رہے ہیں۔

Scroll to Top