ضلع صوابی اور چارسدہ کی مقامی رویت ہلال کمیٹیوں نے شوال المکرم کا چاند نظر نہ آنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے جس کے تحت دونوں اضلاع میں عید الفطر 21 مارچ بروز ہفتہ کو مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائے گی۔
مقامی زونل رویت ہلال کمیٹی چارسدہ کے اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ضلع کے کسی بھی مقام سے چاند کی کوئی شرعی شہادت موصول نہیں ہوئی، اس لیے کل بروز جمعہ سالِ رواں کا آخری روزہ ہوگا جبکہ ہفتہ کو عید الفطر کا پہلا دن ہوگا۔
کمیٹی نے واضح کیا ہے کہ شہادتیں نہ ملنے کے باعث متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ عید ہفتہ کے روز ہوگی۔
دوسری جانب ضلع صوابی کی مقامی کمیٹی نے بھی اسی فیصلے کی تائید کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ صوابی میں کل روزہ رکھا جائے گا اور عید الفطر ہفتہ کو منائی جائے گی۔
دونوں اضلاع کی مقامی کمیٹیوں کے ان اعلانات کے بعد شہریوں نے کل روزے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔





