صدر زرداری نے اہم قانون سازی، تقرری اور اعزازات کی منظوری دے دی

اسلام آباد: آصف علی زرداری نے ملک میں مختلف اہم قانون سازی اقدامات، ایک اہم تقرری، سول اعزازات اور قیدیوں کے لیے خصوصی سزا میں رعایت کی منظوری دے دی ہے۔

ایوانِ صدر سے جاری تفصیلات کے مطابق جن قوانین کی منظوری دی گئی ہے ان میں پاکستان سٹیزن شپ ترمیمی بل 2026، اخبار ملازمین کے سروس قوانین میں ترمیم، زکوٰۃ و عشر ترمیمی بل، نیشنل آرکائیوز سے متعلق قانون، پاکستان نیمز اینڈ ایمبلمز کے غیر مجاز استعمال کی روک تھام کا ترمیمی بل، ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کارپوریشن، نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی، پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) اور دانش یونیورسٹی اسلام آباد سے متعلق بل شامل ہیں۔

صدر مملکت نے ایک اہم تقرری کی بھی منظوری دی ہے، جس کے تحت اعزاز اسلم ڈار کو بلوچستان کے کوٹے پر فیڈرل پبلک سروس کمیشن کا رکن مقرر کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : ڈیٹا ختم، بیلنس محفوظ! صارفین کے لیے بڑی خوشخبری

اس کے علاوہ ملک کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے پر پروفیسر سرور محمد خواجہ، راشد ملک اور زین العابدین احسن کو “ستارہ امتیاز” دینے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

دوسری جانب آصف علی زرداری نے عیدالفطر اور یوم پاکستان 2026 کے موقع پر قیدیوں کے لیے خصوصی رعایت کا اعلان کرتے ہوئے ان کی سزاؤں میں کمی کی منظوری دی ہے، جس کا مقصد خوشی کے مواقع پر انسانی ہمدردی کے تحت ریلیف فراہم کرنا ہے۔

Scroll to Top