اسلام آبا:صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قوم کو عیدالفطر کی دلی مبارکباد دی ہے اور اس موقع پر عید کے پیغام اور قومی ذمہ داریوں پر زور دیا۔
صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ عیدالفطر صبر، تقویٰ اور ایثار کا حقیقی صلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید ہمیں نئی روحانی زندگی شروع کرنے کا پیغام دیتی ہے اور اس کا اصل مقصد خود احتسابی، اخلاقی طہارت، صبر، برداشت اور اخوت کو فروغ دینا ہے، کیونکہ یہی مضبوط قوم کی بنیاد ہیں۔
آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ عید باہمی محبت اور سماجی ہم آہنگی کا دن ہے، ضرورت مندوں کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان کی ترقی ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مسلم امہ کو اتحاد، امن و استحکام عطا فرمائے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی قوم اور عالم اسلام کو عید کی مبارکباد دی اور کہا کہ رمضان کے بعد عید کی خوشی اللہ کا انعام ہے۔
انہوں نے کہا کہ عید ہمیں ایثار، اتحاد اور خدمت خلق کا درس دیتی ہے اور کمزور طبقات کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنا ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کی مسلح افواج نے ملک کے تمام شہریوں کو عید کی دلی مبارکباد دی
محمد شہباز شریف نے ملکی ترقی کے لیے باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ حکومت نے مالی معاونت کے لیے ڈیجیٹل نظام اپنایا ہے تاکہ امداد کی فراہمی میں شفافیت اور آسانی ممکن ہو۔
انہوں نے کہا کہ عالمی امن، عدل و انصاف اور رواداری کے لیے دعاگو ہیں اور عالمی غیریقینی صورتحال میں اتحاد ہی ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔





