پاکستان کی عسکری قیادت نے عیدالفطر کے موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے امن، خوشحالی اور یکجہتی کی دعا کی ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اپنے مشترکہ پیغام میں کہا کہ عیدالفطر اتحاد، ہمدردی اور شکرگزاری جیسی اعلیٰ اقدار کی عکاس ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ خوشیوں بھرا دن پاکستان اور پوری امت مسلمہ کے لیے امن، برکت اور ترقی کا پیغام ثابت ہوگا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مسلح افواج کے لیے عید کا حقیقی جذبہ ملک کے دفاع اور قوم کی خدمت میں مضمر ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ افواجِ پاکستان کے جوان اپنے اہلِ خانہ سے دور رہ کر وطن عزیز کی حفاظت کے فرائض انجام دے رہے ہیں، جو ان کی بے مثال قربانی اور عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
عسکری قیادت نے اپنے پیغام میں قوم کے بہادر مردوں اور خواتین کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور شہداء و غازیوں کے اہلِ خانہ کی ثابت قدمی، حوصلے اور حمایت کو سراہا۔
آخر میں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسلح افواج ملک کی سلامتی، استحکام اور عوام کی خدمت کے لیے ہر دم تیار رہیں گی۔





