جنگ کے باعث پاکستان میں تیل اور گیس کی قلت کا خدشہ ہے، وزیر خزانہ

جنگی صورتحال کے باعث پاکستان میں تیل و گیس کے ممکنہ بحران کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کی تصدیق وزیر خزانہ نے بھی کر دی ہے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں پوری قوم کو مل کر ملک کو اس بحران سے نکالنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ حکومت ایل پی جی، پیٹرول اور ڈیزل کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور توقع ہے کہ اپریل تک سپلائی کی صورتحال بہتر رہے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کی کوشش ہے کہ عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے، اسی لیے حکومت اب تک پیٹرولیم مصنوعات پر 69 ارب روپے کا بوجھ برداشت کر چکی ہے۔

وزیر خزانہ نے امید ظاہر کی کہ جنگی حالات جلد از جلد ختم ہوں تاہم یہ صورتحال کچھ ہفتوں یا مہینوں تک برقرار رہ سکتی ہے کیونکہ ملکی وسائل محدود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ٹارگٹڈ ریلیف کی پالیسی کی طرف جا رہی ہے اور مختلف تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے جو معیشت کو بہتر سمت میں لے جا سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آبنائے ہرمز پر کشیدگی، ٹرمپ کا ایران کو 48 گھنٹے کا الٹی میٹم، تہران کا سخت ردعمل

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ حکومت اس بات کا بھی جائزہ لے رہی ہے کہ موجودہ حالات کے تجارت پر کیا اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

Scroll to Top