محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں 24 سے 30 مارچ کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کے ایک طاقتور سلسلے کی پیش گوئی کی ہے۔
مغربی ہواؤں کا یہ سلسلہ 24 مارچ کو پہلے بلوچستان میں داخل ہوگا اور 27 مارچ کی رات سے مزید شدت اختیار کر لے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا میں 24 سے 29 مارچ کے دوران وسیع پیمانے پر بارشوں کا امکان ہے۔چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ، کوہستان، مالاکنڈ، بونیر، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور بالاکوٹ میں بادل برسیں گے۔
اس کے علاوہ ہری پور، مردان، نوشہرہ، کرم، صوابی، چارسدہ، کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
بلوچستان میں گوادر، پسنی، اورمارڑہ، کوئٹہ، پشین اور قلات سمیت دیگر اضلاع میں بارش ہوگی۔
وفاقی دارلحکومت اسلام آباد کے علاوہ پنجاب میں راولپنڈی، مری، لاہور، فیصل آباد، ملتان اور ڈیرہ غازی خان سمیت اکثر علاقوں میں 25 سے 30 مارچ کے درمیان بارش کا امکان ہے۔
سندھ میں کراچی اور حیدرآباد میں 25، 26 اور پھر 28، 29 مارچ کو بادل برس سکتے ہیں، جبکہ سکھر، لاڑکانہ اور جیکب آباد میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی اس سسٹم کے تحت بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔





