مولانا فضل الرحمان نے جے یو آئی کی مجلسِ شوریٰ کا غیر معمولی اجلاس طلب کر لیا

پشاور: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پارٹی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کا غیر معمولی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ پارٹی ترجمان کے مطابق یہ اہم اجلاس 4 اور 5 اپریل کو مفتی محمود مرکز پشاور میں منعقد ہوگا۔

جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری کے مطابق اجلاس میں ملک بھر سے مرکزی مجلسِ شوریٰ کے اراکین شرکت کریں گے، جہاں جماعت کی آئندہ سیاسی سمت کا تعین کیا جائے گا۔

اجلاس کے ایجنڈے میں ملکی مجموعی حکومتی کارکردگی اور اہم عوامی مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق اجلاس میں بین الاقوامی امور بھی زیر بحث آئیں گے، جن میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور امریکہ و اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے خطے پر اثرات کا جائزہ شامل ہے۔

مزید برآں، اجلاس میں پاک-افغان صورتحال اور اس کے ممکنہ مضمرات پر بھی تفصیلی غور کیا جائے گا، تاکہ بدلتے ہوئے علاقائی حالات کے تناظر میں جماعت کی حکمت عملی مرتب کی جا سکے۔

ذرائع کے مطابق یہ اجلاس جے یو آئی کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہوگا، جس میں اہم پالیسی فیصلوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top