وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی “پرفیکٹ ٹیم ورک” کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے، عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان خطے اور عالمی سطح پر ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے اور مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات اعتماد کی بنیاد پر قائم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے ٹوئٹ کے پیچھے اعتماد کا عنصر موجود ہے، جبکہ پاکستان نے اسرائیل کے ایران پر حملے کی مذمت کی ہے۔ عطا تارڑ کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر بھی وزیر اعظم نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کے درمیان بہترین ورکنگ ریلیشن شپ ہے اور دونوں کے درمیان پرفیکٹ ٹیم ورک موجود ہے، جس کی دنیا بھی تعریف کر رہی ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کا کردار عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔

عطا تارڑ نے بتایا کہ مجتبیٰ خامنہ ای کو خط لکھ کر مبارکباد دی گئی ہے جبکہ پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات گزشتہ دو سالوں میں مزید بہتر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان اعتماد کا رشتہ قائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے امریکا کے ساتھ بھی تعلقات اعتماد کی بنیاد پر استوار کیے ہیں اور امریکا پاکستان پر اعتماد کر رہا ہے۔ ان کے مطابق خلیجی ممالک بھی پاکستان کو ایک اہم ملک سمجھتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیر اعظم شہباز شریف کے ٹوئٹ کو شیئر کیا، جو پاکستان کی عالمی سطح پر اہمیت کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کر سکتا ہے، تاہم یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ مذاکرات کے لیے راستہ کب نکلے گا اور فریقین کس نکات پر متفق ہوتے ہیں۔

عطا تارڑ کے مطابق پاکستان خطے میں امن کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا اور تمام ممالک کے ساتھ مثبت تعلقات کو فروغ دیتا رہے گا۔

Scroll to Top